ایران۔امریکہ کشیدگی میں پاکستان نے امن کا مؤثر کردار ادا کیا۔اسحاق ڈار

پاکستان کو معاشی قوت بنانا حکومت کا اگلا ہدف ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو

June 26, 2026 · قومی

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ ایران۔امریکا کشیدگی کے دوران سفارتی سطح پر مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے خطے میں امن کے فروغ میں اہم حصہ ڈالا، جس کے باعث دنیا پاکستان کو ایک “امن ساز” ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان نے علاقائی کشیدگی کے دوران متوازن اور ذمہ دار سفارت کاری کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی فوری مذمت کی اور مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑا رہا، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں بھی سہولت کار کا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست اور امن پسند ملک ہے، جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ تاہم اگر کسی نے پاکستان کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا قرار دینے والوں کا مؤقف غلط ثابت ہو چکا ہے اور آج عالمی برادری پاکستان کو امن، استحکام اور مثبت سفارت کاری کی علامت سمجھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا اگلا ہدف پاکستان کو ایک مضبوط معاشی قوت بنانا ہے، جبکہ معاشی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور حالیہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور تاجروں کو ریلیف بھی دیا گیا ہے۔