کالاباغ میں صدیوں پرانی روایت۔ کشتیوں پر ماتمی جلوس برآمد
محرم الحرام کی صدیوں پرانی منفرد روایت آج بھی پوری عقیدت واحترام کے ساتھ برقرار ہے۔
ضلع میانوالی کے تاریخی شہر کالاباغ میں محرم الحرام کی صدیوں پرانی منفرد روایت آج بھی پوری عقیدت و احترام کے ساتھ برقرار ہے۔ 9 محرم الحرام کے موقع پر ہزاروں عزادار دریائے سندھ میں کشتیوں کے ذریعے ماتمی جلوس میں شریک ہوئے۔
جلوس میانوالی ماڑی کے مقام سے کشتیوں پر روانہ ہوا اور دریائے سندھ کے راستے وانڈھا ککڑانوالہ پہنچا، جہاں عزاداروں نے نوحہ خوانی اور ماتم کرتے ہوئے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مقامی افراد کے مطابق کالاباغ کا یہ منفرد ماتمی جلوس ایک صدی سے بھی زائد عرصے سے مسلسل نکالا جا رہا ہے اور یہ روایت ضلع میانوالی میں اپنی نوعیت کی واحد روایت سمجھی جاتی ہے، جس میں دریائے سندھ پر کشتیوں کے ذریعے جلوس برآمد کیا جاتا ہے۔