یومِ عاشورپر ملک بھر میں شبیہ علم، تابوت۔ ذوالجناح کے جلوس برآمد۔سیکورٹی انتظامات سخت

کراچی، کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں سخت سیکیورٹی، ہزاروں اہلکار تعینات

June 26, 2026 · قومی

یومِ عاشور کے موقع پر ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس عقیدت و احترام کے ساتھ نکالے جا رہے ہیں، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگیا، جلوس امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوگا، جلوس سے پہلے نشتر پارک میں مرکزی مجلس منعقد ہوئی۔
لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس اپنے راستوں پر گامزن ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار شریک ہیں۔

مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن مرکزی جلوس محلہ شیعاں پہنچا جہاں اذان علی اکبر ادا کر دی گئی جبکہ مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے جلوس کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔

ادھر کوئٹہ میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس علمدار روڈ پر واقع شہداء چوک سے برآمد ہوا۔ جلوس کے روٹس کی جانب جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ راستے میں واقع دکانیں اور کاروباری مراکز بھی بند رکھے گئے ہیں۔ جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت علمدار روڈ پر مومن آباد امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

شیعہ کانفرنس کے مطابق کوئٹہ میں ذوالجناح، تعزیوں اور علموں کا جلوس 35 دستوں پر مشتمل ہے، جس کے ساتھ 1200 رضاکار خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ عزاداروں کی سہولت کے لیے راستے میں 30 میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق یومِ عاشور کے موقع پر صوبے بھر میں سیکورٹی کے لیے ایف سی، پولیس اور بلوچستان کانسٹیبلری کے 17 ہزار اہلکار تعینات ہیں۔

یوم عاشور کی مناسبت سے ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، تمام اہم شہروں میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔
ملک بھر میں جلوسوں کے روٹ پر غیر ضروری آمدورفت کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس اور دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے۔

جلوسوں کے اختتام کے بعد شام غریباں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ذاکرین واقعہ کربلا کے بعد پیش آنے والے حالات کو بیان کریں گے۔