آزاد کشمیر میں انتشار پھیلانے کی مبینہ سازش ناکام۔ 2افراد گرفتار
گرفتار ملزمان نے پرتشدد منصوبوں سے متعلق اعتراف کیا ہے۔ پولیس
آزاد جموں و کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈڈیال سے راولاکوٹ اسلحہ منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان کو ایک ناکے پر گرفتار کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے مبینہ طور پر بتایا کہ وہ بعض افراد کی ہدایات پر اسلحہ منتقل کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد نے دورانِ تفتیش دعویٰ کیا کہ وہ اس سے قبل بھی احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور پرتشدد سرگرمیوں میں شریک رہے ہیں، جبکہ اسلحہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف استعمال کیے جانے کا منصوبہ تھا۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان نے بعض دیگر سنگین الزامات سے متعلق بھی معلومات فراہم کی ہیں، جن کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔