اسلام آباد ائیرپورٹ پر انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام۔3 مسافر آف لوڈ

ایف آئی اے نے مشتبہ دستاویزات اور یورپ اسمگلنگ نیٹ ورک سے متعلق شواہد برآمدکر لیے

June 26, 2026 · قومی

ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قبرص جانے والی گلف ایئر کی پرواز GF-771 کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشتبہ سرگرمی پر تین مسافروں یاسر علی، عدیل احمد اور عدنان احمد کو سیکنڈری پروفائلنگ کے لیے روکا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ایک مسافر نے غیر قانونی امیگریشن کلیئرنس، پروٹیکٹر اسٹیمپ اور سفری انتظامات کے لیے کروڑوں روپے ایجنٹ کو ادا کیے، جبکہ موبائل فون سے متعدد افراد کی مشتبہ سفری دستاویزات اور یورپ اسمگلنگ نیٹ ورک سے متعلق شواہد بھی برآمد ہوئے۔
ایک دوسرے مسافر کا موبائل فون مکمل طور پر ڈیٹا وائپ پایا گیا، جس سے شواہد چھپانے کا شبہ مزید مضبوط ہوا۔ایف آئی اے امیگریشن کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں تینوں مسافروں کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔