ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں 6 ارب روپے کی مبینہ چوری

نجی آئل مارکیٹنگ کمپنی کے خلاف مقدمہ درج-شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

June 26, 2026 · قومی

اسلام آباد: ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں تقریباً 6 ارب روپے کی مبینہ چوری کا انکشاف سامنے آنے کے بعد ایک نجی آئل مارکیٹنگ کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ٹرمینل ون کے سی ای او سمیت مجموعی طور پر 7 افراد کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

تحقیقاتی دستاویزات کے مطابق مبینہ طور پر 4 کروڑ 86 لاکھ لیٹر پیٹرول ٹیکس، ڈیوٹی اور پیٹرولیم لیوی کی ادائیگی کے بغیر فروخت کیا گیا، جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ پورٹ قاسم سے محمود کوٹ اور فیصل آباد تک پیٹرول کی سپلائی کے دوران بڑے پیمانے پر مبینہ فراڈ کیا گیا، جبکہ کسٹمز بانڈڈ ویئرہاؤس سے فیصل آباد تک سپلائی چین میں بھی مبینہ بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے۔

حکام کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔