پیٹرول سستا کرنے پر اوگرا اور آئل انڈسٹری آمنے سامنے

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عالمی پریمیم اور پلاٹس (Platts) کے اوسط نرخوں کا درست حساب نہیں لگایا

June 26, 2026 · قومی

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے معاملے پر حکومت اور پاکستان کی آئل انڈسٹری کے درمیان شدید اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔

آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور ریفائنریز نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عالمی پریمیم اور پلاٹس (Platts) کے اوسط نرخوں کا درست حساب نہیں لگایا، جس کے باعث ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 45 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر زیادہ کمی کر دی گئی۔

آئل انڈسٹری کے اسٹیک ہولڈرز کے مطابق حالیہ پندرہ روزہ قیمتوں کے جائزے میں پریمیم کے حقیقی اخراجات اور لاگو ہونے والے پلاٹس کے اوسط نرخوں کو مکمل طور پر شامل نہیں کیا گیا، جس کے باعث قیمتوں کے تعین میں فرق پیدا ہوا۔

صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر حکومت اور متعلقہ اداروں سے رابطے جاری ہیں، جبکہ قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر نظرثانی کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔