راولپنڈی سے مری جانے والی وین میں آگ بھڑک اٹھی
بروقت ریسکیو آپریشن کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ تمام مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
مری ایکسپریس وے پر راولپنڈی سے مری جانے والی ایک مسافر وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم موٹروے پولیس اور ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی کے باعث تمام 15 مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر آگ بجھانے والے آلات کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کارروائی شروع کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بروقت ریسکیو آپریشن کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ تمام مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق موٹروے پولیس کی فوری اور پیشہ ورانہ کارروائی کو وین میں سوار مسافروں اور موقع پر موجود شہریوں نے سراہا، جبکہ کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے افسران کو آئی جی موٹروے پولیس نے شاباش بھی دی۔
موٹروے پولیس نے تمام ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات ضرور رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔