مریم نواز کا یومِ عاشور پر امن و امان برقرار رکھنے والی ٹیموں کو خراجِ تحسین

پنجاب پولیس اور دیگر اداروں کے افسران و اہلکاروں نے موسم کی سختی کی پروا کیے بغیر اپنے فرائض احسن انداز میں انجام دیے

June 26, 2026 · قومی
مریم نواز کا یومِ عاشور پر امن و امان برقرار رکھنے والی ٹیموں کو خراجِ تحسین

مریم نواز کا یومِ عاشور پر امن و امان برقرار رکھنے والی ٹیموں کو خراجِ تحسین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ عاشور پر صوبے بھر میں امن و امان برقرار رکھنے اور جلوسوں و مجالس کے پرامن انعقاد پر تمام متعلقہ اداروں اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات کیے گئے، جس کے باعث عزاداری کا سلسلہ پرامن اور منظم انداز میں مکمل ہوا۔ انہوں نے صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، ضلعی انتظامیہ، پنجاب پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ اور “ستھرا پنجاب” کی ٹیموں کی خدمات کو سراہا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئیں، جلوسوں کے راستوں پر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں، عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ اور اسموگ گنز کے ذریعے پانی کی پھوار کا انتظام کیا گیا، جبکہ صفائی ستھرائی کے مثالی اقدامات بھی کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اور دیگر اداروں کے افسران و اہلکاروں نے موسم کی سختی کی پروا کیے بغیر اپنے فرائض احسن انداز میں انجام دیے، جس کے باعث عاشورہ پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔ مریم نواز شریف نے تمام متعلقہ ٹیموں کی محنت کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور عوامی خدمت کے جذبے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔