مشکوک سفری دستاویزات پر روس جانے والے دو مسافر پرواز سے آف لوڈ
مختلف دستاویزات پر ایک ہی شخص کی تصاویر موجود تھیں، جس سے متعدد شناختیں استعمال کیے جانے کا شبہ ظاہر ہوا۔
اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی شناخت اور مشکوک سفری دستاویزات کے ذریعے روس جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق 27 جون 2026 کو ازبک ایئرویز کی پرواز HY466 کے ذریعے روس روانہ ہونے والے دو مسافروں کو مشکوک دستاویزات کی بنیاد پر سیکنڈری پروفائلنگ کے لیے روکا گیا۔
تفصیلی جانچ کے دوران دونوں مسافروں کی شناخت اور سفری دستاویزات میں تضادات سامنے آئے۔ موبائل فونز کی فرانزک جانچ کے دوران متعدد افغان پاسپورٹس، ایک افغان تذکرہ، ایک پاکستانی شناختی کارڈ اور ایک روسی دستاویز برآمد ہوئی، جبکہ مختلف دستاویزات پر ایک ہی شخص کی تصاویر موجود تھیں، جس سے متعدد شناختیں استعمال کیے جانے کا شبہ ظاہر ہوا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق برآمد ہونے والا ایک افغان تذکرہ دوسرے مسافر کے نام پر جاری کیا گیا تھا، جبکہ دیگر دستاویزات کے ذریعے مبینہ طور پر غیر قانونی امیگریشن کی کوشش کی جا رہی تھی۔
ایف آئی اے امیگریشن نے دونوں مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) اسلام آباد کے حوالے کر دیا، جہاں واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔