فیصل گیلانی اور خواجہ انیس نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے علیحدگی اختیار کر لی
کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی اپنے اصل عوامی حقوق کے مشن سے ہٹ چکی ہے اور اب اس کے مقاصد بدل چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اندر اختلافات سامنے آ گئے ہیں، مرکزی اراکین نے تنظیم سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فیصل گیلانی اور خواجہ انیس نے ایک ویڈیو پیغام میں تنظیم سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اب اس تحریک کا حصہ نہیں رہے۔
فیصل گیلانی نے اپنے بیان میں کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی اپنے اصل عوامی حقوق کے مشن سے ہٹ چکی ہے اور اب اس کے مقاصد بدل چکے ہیں۔ ان کے مطابق وہ کسی ایسی سرگرمی کا حصہ نہیں رہ سکتے جس میں نوجوانوں کو ملک مخالف مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم بیرونی عناصر کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اور اس صورتحال میں ان کی وابستگی برقرار نہیں رہ سکتی۔
اسی طرح خواجہ انیس نے بھی ویڈیو بیان میں تنظیم سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حقوق کے نام پر شروع ہونے والی تحریک نے اپنی حدود سے تجاوز کر لیا ہے۔
انہوں نے کشمیری نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ایسی کسی بھی تنظیم یا سرگرمی سے دور رہیں جو ریاست اور اداروں کے خلاف بیانیہ کو فروغ دے۔
دونوں رہنماؤں کے ان بیانات کے بعد تنظیم کے اندر مزید اختلافات اور ٹوٹ پھوٹ کے آثار ظاہر ہونے لگے ہیں۔