پاکستان کی نامور شیف راحت علی رضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں

کھانا پکانے کی آسان تراکیب، منفرد پکوان اور سادہ اندازِ بیان کے باعث لاکھوں افراد خصوصاً گھریلو خواتین میں بے حد مقبول تھیں۔

June 28, 2026 · قومی

اسلام آباد: پاکستان کی نامور اور ہر دلعزیز شیف راحت علی رضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال کی خبر کی تصدیق خاندانی ذرائع نے بھی کر دی ہے۔

شیف راحت علی پاکستان کے مقبول ترین شیفس میں شمار کی جاتی تھیں۔ وہ کھانا پکانے کی آسان تراکیب، منفرد پکوان اور سادہ اندازِ بیان کے باعث لاکھوں افراد خصوصاً گھریلو خواتین میں بے حد مقبول تھیں۔

ان کی خوش مزاجی اور مسکراتا چہرہ ناظرین کو متاثر کرتا تھا، جبکہ ان کے پروگرامز اور تراکیب نے کئی لوگوں کو کھانا پکانے کے شعبے سے جوڑا۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی ملک بھر میں سوگ کی فضا پھیل گئی، جبکہ سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

شیف راحت علی کی بیٹی مائدہ راحت علی بھی ایک معروف شیف ہیں اور اس وقت امریکا میں مقیم ہیں۔ ان کی بھانجی نے بھی سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی افسوسناک خبر شیئر کی۔

مداحوں نے اپنے تعزیتی پیغامات میں لکھا کہ شیف راحت علی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی تعلیمات لاکھوں لوگوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔