پاک فوج کی کارروائی میں افغان سرحد پر کئی دہشت گرد ٹھکانے تباہ۔ 29 خوارج ہلاک

اہم کمانڈر شامل۔ پکتیا، پکتیکا اور کنڑ کو نشانہ بنایا گیا

June 29, 2026 · اہم خبریں

 

حالیہ دہشت گردانہ واقعات کے بعد جن میں خیبر پختونخوا، بلوچستان کے معصوم لوگوں اور کراچی میں پاکستان رینجرز کیمپ پر حملے شامل ہیں، سیکیورٹی فورسز نے پاکستان افغان سرحد کے ساتھ انٹیلی جنس بنیاد پر زمینی آپریشن کیا اور سرحدی علاقے میں جماعت الاحرار اور فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر نشانہ بنایا، جس میں 29 خوارج ہلاک ہوئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ایکس پر بتایا ہے کہ 28 جون 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاکستان افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ایک گروپ کے خلاف انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔ نتیجے میں بھارتی پراکسی جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے اہم خوارجی کمانڈر خان فروش عرف زابل سمیت 3 دہشت گرد جہنم واصل اور کئی زخمی ہوئے۔
آپریشن غضب للحق کے تسلسل میں 28/29 جون کی رات کو درست انٹیلی جنس کی بنیاد پر پاکستان افغان سرحد کے علاقے میں جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے کیمپوں پر حملے کیے گئے۔ پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں تین ٹارگٹس تباہ کر دیے گئے جن میں 25 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ وہاں موجود بڑی مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود بھی تباہ ہوا۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے کوشاں ہے مگر شہریوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ “عزم استحکام “کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم جاری رہے گی۔