نشے کے عادی شخص نے 20 روپے کے لیے بچے کا گلا کاٹ دیا

زخمی بچے کی شناخت حنیف انور کے نام سے ہوئی ہے، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

June 29, 2026 · قومی

کراچی: شہر کے علاقے ہجرت کالونی میں مبینہ طور پر نشے کے عادی شخص نے 20 روپے نہ ملنے پر ایک کمسن بچے پر تیز دھار آلے سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں بچہ زخمی ہو گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق زخمی بچے کی شناخت حنیف انور کے نام سے ہوئی ہے، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم، جس کی شناخت آصف عرف چیتا کے نام سے ہوئی، نشے کا عادی ہے۔ متاثرہ بچے نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نے اس سے 20 روپے طلب کیے، انکار کرنے پر اس نے بلیڈ سے حملہ کر دیا۔

واقعے کے بعد سول لائن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سمندر کی جانب واقع خالی جگہوں پر نشے کے عادی افراد کے مستقل ڈیرے قائم ہیں، جہاں سے وہ راہگیروں کو ہراساں کرنے، لوٹ مار اور تشدد جیسے واقعات میں ملوث رہتے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے ان مقامات کے خلاف مؤثر کارروائی کریں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔