اسلام آباد میں پاکستان کا پہلا ورلڈ کلاس وائلڈ لائف سفاری پارک بنانے کا فیصلہ
اس میگا پراجیکٹ کو جدید طرز پر ڈیزائن کیا جا رہا ہے، جہاں شہریوں اور سیاحوں کو جنگلی حیات کو قدرتی ماحول میں دیکھنے کا منفرد تجربہ فراہم کیا جائے گا۔
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان کا پہلا جدید اور عالمی معیار کا وائلڈ لائف سفاری پارک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے مطابق یہ منصوبہ بارہ کہو کے علاقے میں 350 ایکڑ پر محیط زمین پر قائم کیا جائے گا، جس کا مقصد ملک میں ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینا اور جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس میگا پراجیکٹ کو جدید طرز پر ڈیزائن کیا جا رہا ہے، جہاں شہریوں اور سیاحوں کو جنگلی حیات کو قدرتی ماحول میں دیکھنے کا منفرد تجربہ فراہم کیا جائے گا۔
سی ڈی اے کے مطابق سفاری پارک نہ صرف تفریح کا نیا مرکز ہوگا بلکہ یہ منصوبہ ماحولیات کے تحفظ اور فیملی انٹرٹینمنٹ کے لیے بھی اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے پر کام جلد شروع کیا جائے گا اور اسے عالمی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا تاکہ اسلام آباد کو ایک نئی سیاحتی شناخت دی جا سکے۔