190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع

تنہائی کی قید کے باعث شدید ذہنی دباؤ اور مشکلات کا سامنا رہا، جبکہ سزا معطلی کی درخواستوں پر کارروائی مبینہ طور پر بار بار مؤخر کی جاتی رہی۔

June 29, 2026 · قومی

اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

درخواست گزاروں کی جانب سے دائر اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سزا معطلی کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے قانونی تقاضوں کو نظر انداز کیا، لہٰذا اعلیٰ عدالت سے استدعا ہے کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں کی سزائیں معطل کرتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔ مؤقف کے مطابق دورانِ قید بانی پی ٹی آئی کو مختلف صحت کے مسائل، خصوصاً بینائی کی خرابی کا سامنا رہا، جس کے باعث انہیں علاج کے لیے جیل سے باہر بھی منتقل کیا گیا۔

اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تنہائی کی قید کے باعث شدید ذہنی دباؤ اور مشکلات کا سامنا رہا، جبکہ سزا معطلی کی درخواستوں پر کارروائی مبینہ طور پر بار بار مؤخر کی جاتی رہی۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا ہے کہ ٹرائل کے دوران ضمانت دی گئی تھی اور الزامات بے بنیاد ہیں۔ اپیل میں نیب پر بھی کارروائی میں تاخیر اور التوا لینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ گرفتاری کا طریقہ کار غیر قانونی تھا اور اس حوالے سے پہلے بھی عدالتی احکامات موجود ہیں۔ درخواست میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا ہے کہ احتساب کے عمل کو سیاسی رنگ دیا گیا اور منصفانہ سماعت کے اصولوں کی خلاف ورزی ہوئی۔

سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر سزا معطل کی جائے اور رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔