پی ٹی اے کی واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم ایڈوائزری جاری
اگر کسی صارف کی سم بلاک یا ڈی ایکٹیویٹ ہو جائے تو اس سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی محدود یا ختم ہو سکتی ہے
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ غیر فعال یا غیر رجسٹرڈ سم سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس متاثر ہو سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق اگر کسی صارف کی سم بلاک یا ڈی ایکٹیویٹ ہو جائے تو اس سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی محدود یا ختم ہو سکتی ہے۔ اس صورتحال سے بچنے کے لیے صارفین کو بروقت احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ہمیشہ فعال اور رجسٹرڈ سم کے ساتھ منسلک رکھیں اور اس بات کی تصدیق کریں کہ نمبر درست اور فعال سم پر چل رہا ہے۔
ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر فعال سم استعمال کرنے والے صارفین فوری طور پر فعال سم پر منتقل ہو جائیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رابطہ کریں۔
پی ٹی اے کے مطابق بائیومیٹرک تصدیق اور سم کی توثیق مکمل کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ ڈیجیٹل شناخت اور رابطوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ موبائل نمبر صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ ڈیجیٹل شناخت بھی ہے، اس لیے صارفین اپنی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔