یکم جولائی کو ملک بھر میں بینک عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے
تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ملازمین معمول کے مطابق اپنے دفاتر میں حاضر ہوں گے اور اندرونی دفتری امور انجام دیں گے۔
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی کو ملک بھر کے تمام بینک، ترقیاتی مالیاتی ادارے اور مائیکروفنانس بینک عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے۔
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یکم جولائی کو بینک ہالیڈے کے باعث صارفین کے لیے برانچوں میں مالیاتی خدمات اور عوامی ٹرانزیکشنز دستیاب نہیں ہوں گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ عوامی لین دین معطل رہے گا، تاہم تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ملازمین معمول کے مطابق اپنے دفاتر میں حاضر ہوں گے اور اندرونی دفتری امور انجام دیں گے۔
اسٹیٹ بینک نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ضروری بینکاری سرگرمیوں کی منصوبہ بندی تعطیل کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔