پشاور ، ماں اور معصوم بچے کو قتل کرکے لاشیں کنویں میں پھینک دی گئیں
مقتولہ کے شوہر کی جانب سے دوسری بیوی کو گھر لانے پر سوتیلے بیٹوں پر قتل کا شبہ
فائل فوٹو
پشاور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے تھانہ متنی کی حدود میں فائرنگ کا انتہائی لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے ماں اور اس کے شیرخوار بچے کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق سفاک ملزمان نے دونوں کو قتل کرنے کے بعد لاشوں کو چھپانے کے لیے ایک کنویں میں ڈال دیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو کنویں سے نکالا اور ضابطے کی کارروائی و پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولہ کے شوہر کی جانب سے دوسری بیوی کو گھر لانے پر سوتیلے بیٹوں پر قتل کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہےہیں۔