عمان، ایران کا آبنائے ہرمز پر رابطہ اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

اجلاس میں آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عمانی وزارت خارجہ

June 29, 2026 · قومی

عمان اور ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق امور پر رابطہ اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

سلطنت عمان اور ایران کی آبنائے ہرمز سے متعلق مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہوا۔ مسقط سے عمانی وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے نمائندے شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ الہنائی جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی نائب وزیرخارجہ برائے قانونی وبین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے کی۔

عمانی وزارت خارجہ کے مطابق عمان اور ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق امور پر رابطہ اورتعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور دونوں ممالک نے مشترکہ مفادات اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔

عمانی وزارت خارجہ کے مطابق عمان اور ایران نے بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی اور بحری خدمات کے شعبوں میں تعاون کے فریم ورک پر غور کیا۔

عمانی وزارت خارجہ کے مطابق عمان اور ایران نے دوطرفہ اور بین الاقوامی مفاہمتوں کو مزید آگے بڑھانے پر زور دیا اوردونوں ملکوں نے آبنائے ہرمزکے ساحلی ممالک کی حیثیت سےقریبی تعاون کےعزم کا اظہارکیا۔