مری میں گرین الیکٹرک بس سروس کا آغاز،10 ماحول دوست بسیں سسٹم کا حصہ بن گئیں

یہ بسیں راولپنڈی اور مری کے درمیان سفری نظام کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔

June 30, 2026 · قومی

پنجاب حکومت نے مری میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام متعارف کرا دیا ہے۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 10 گرین الیکٹرک بسیں مری پہنچ چکی ہیں، جنہیں جلد مختلف اہم روٹس پر چلایا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ بسیں راولپنڈی اور مری کے درمیان سفری نظام کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔

انتظامیہ کے مطابق الیکٹرک بسوں کے استعمال سے فضائی آلودگی میں کمی آئے گی، ایندھن پر انحصار کم ہوگا اور مری کے قدرتی حسن کے تحفظ میں مدد ملے گی۔ منصوبے کو ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ضرورت کے مطابق اس منصوبے کو مزید وسعت دینے پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ عوام کو جدید، پائیدار اور کم لاگت سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔