پارلیمانی نظام ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے، مریم نواز شریف
پارلیمانی نظام عوامی نمائندگی کو مضبوط بنانے، شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ ہے
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پارلیمانی نظام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کے فروغ کو قومی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام عوامی نمائندگی کو مضبوط بنانے، شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ان کے مطابق ایک مضبوط پارلیمان ہی ملک میں پائیدار جمہوریت، سیاسی استحکام اور خوشحالی کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔
مریم نواز شریف نے اس موقع پر تمام جمہوری قوتوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی نظام کا بنیادی مقصد عوام کی آواز کو فیصلہ سازی میں شامل کرنا اور آئینی و جمہوری روایات کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پارلیمان صرف قانون سازی کا ادارہ نہیں بلکہ قومی سوچ، اجتماعی دانش اور مستقبل کی سمت کا تعین کرنے والا اہم فورم بھی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین، نوجوانوں اور معاشرے کے دیگر طبقات کی مؤثر نمائندگی جمہوری نظام کو مزید مضبوط بناتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئین کی بالادستی، جمہوری تسلسل، شفاف حکمرانی اور عوامی فلاح پر یقین رکھتی ہے، جبکہ صوبے میں عوامی خدمت، بہتر طرزِ حکمرانی اور مؤثر قانون سازی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔