ٹیکس جمع کرانے والوں کے لیے اہم اعلان، ایکسائز دفاتر اور بینک آدھی رات تک فعال
پراپرٹی ٹیکس، موٹر ٹیکس اور دیگر واجبات کی وصولی کے لیے افسران اور عملہ رات گئے تک ڈیوٹی انجام دے گا
لاہور: مالی سال کے اختتامی دن ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے محکمہ ایکسائز کے تمام دفاتر آج رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق پراپرٹی ٹیکس، موٹر ٹیکس اور دیگر واجبات کی وصولی کے لیے افسران اور عملہ رات گئے تک ڈیوٹی انجام دے گا، جبکہ فیلڈ ٹیمیں بھی وصولیوں کے لیے متحرک رہیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ بینکوں کی برانچز بھی رات 12 بجے تک کھلی رہیں گی تاکہ شہری اپنے ٹیکس بروقت جمع کرا سکیں۔ اس کے علاوہ ای پے سسٹم کے ذریعے آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی معمول کے مطابق دستیاب رہے گی۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق اب تک 74 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا جا چکا ہے، جبکہ 75 ارب روپے کے مقررہ ہدف کے حصول کے لیے آج مزید وصولیوں کی توقع ہے۔
حکام نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں سال ٹیکس وصولیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔