شدید گرمی کے باعث یکم جولائی سے اسکولوں میں سمر کیمپ پر پابندی

30 جون تک محدود مدت کے لیے سمر کیمپ کی اجازت دی گئی تھی، تاہم یکم جولائی سے کسی بھی تعلیمی ادارے کو سمر کیمپ چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

June 30, 2026 · قومی

لاہور: شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے خدشات کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے یکم جولائی سے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں سمر کیمپ کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی ہے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق 30 جون تک محدود مدت کے لیے سمر کیمپ کی اجازت دی گئی تھی، تاہم یکم جولائی سے کسی بھی تعلیمی ادارے کو سمر کیمپ چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں جرمانہ یا لائسنس کی منسوخی بھی شامل ہو سکتی ہے۔

اس سلسلے میں ایجوکیشن اتھارٹیز کو تمام اسکولوں کو فیصلے سے آگاہ کرنے اور اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ یکم جولائی سے خصوصی ٹیمیں مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ بھی لیں گی۔

محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ اجازت کے بغیر سمر کیمپ چلانے والے اداروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب والدین نے بھی طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران اپنا ہوم ورک مکمل کریں اور غیر ضروری طور پر شدید گرمی میں باہر نکلنے سے گریز کریں۔