شہدا کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، گورنر سندھ نہال ہاشمی
خدارا شہدا کی تصاویرکو سوشل میڈیا پر تماشا نہ بنائیں،گورنر سندھ کی شہید تاجر علی مرتضیٰ کے گھر آمد، اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت
فائل فوٹو
کراچی: گورنر سندھ نہال ہاشمی دشت میں شہید تاجر علی مرتضیٰ جمیل کی رہائش گاہ گئے اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ہم پاکستانی ہیں احساس کرنے والے لوگ ہیں، ان غازیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہم اس خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ قومی سانحہ ہے مگر ہماری کچھ ذمے داریاں بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں جس احسن طریقے سے لانا چاہیے تھا وہ غفلت کی نذر ہو گیا، طبی امداد تاخیر سے ملی۔ ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ ہمیں تماش بین نہیں بننا، سوشل میڈیا کے لیے کلپ نہیں بنانا، کچھ لوگ سوشل میڈیا پر ان کی تصویر کو غلط انداز میں پیش کر رہے ہیں، خدارا شہدا کے ساتھ یہ حرکات نہ کریں۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان جن حالات سے گزر رہا ہے انہیں سمجھنے کی کوشش کی۔ یہ ایک فرد کا مسئلہ نہیں، دہشت گردی قومی مسئلہ ہے۔ دہشت گرد پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ پاکستان کردار ادا کر رہا ہے کہ کیسے پورے خطے کے لوگوں کی زندگی محفوظ کریں۔ ہندوستان اور اسرائیل کو ہماری کاوشیں قبول نہیں۔
انھوں نے کہاکہ علی مرتضیٰ جمیل جیسے معصوم لوگوں سے بدلہ لیا جا رہا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ ہم بات کم کریں گے ایکشن زیادہ لیں گے۔ شہدا اور غازیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، جو شہدا کا حق ہے وہ انہیں ضرور ملے گا۔ میں حکومت اور سندھ کے عوام کی طرف سے تعزیت کرنے آیا ہوں۔ علی مرتضیٰ کا خاندان بہت باہمت ہے۔