بلوچستان میں افغان طالبان کے بھیجے گئے چار ڈرونز پاکستانی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیے. آئی ایس پی آر 

پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح چوکس ہیں۔آئی ایس پی آر

July 1, 2026 · قومی

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ 30 جون کو افغان طالبان حکومت نے بلوچستان میں سرحد پار چار ابتدائی نوعیت کے ڈرون بھیجے، جنھیں پاکستانی فضائی دفاعی نظام نے بروقت نشاندہی کے بعد ناکام بنا دیا۔

بدھ کو جاری بیان میں آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ یہ ڈرونز افغان طالبان کی جانب سے اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی اور حمایت کے سلسلے کا حصہ تھے۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے ان تمام ڈرونز کی فوری نشاندہی کی، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے جدید دفاعی اقدامات کے ذریعے چاروں ڈرونز کو تباہ کر دیا۔

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی جاری رکھی تو انھیں ایسا جواب دیا جائے گا جس کی انھیں بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر چوکس ہیں اور ملکی سرحدوں کے ہر حصے کے دفاع کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی خودمختاری کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی سرحد پار کارروائی یا اشتعال انگیزی کا آپریشن ’غضبُ الحق‘ کے تحت فوری، فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جاتا رہے گا۔