وزیراعظم کی اوورسیز پاکستانیوں کے فلاحی منصوبوں کو تیز کرنے کی ہدایت

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

July 1, 2026 · قومی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری منصوبوں پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیراعظم سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز سید قمر رضا اور مینجنگ ڈائریکٹر افضال بھٹی نے ملاقات کی، جس میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم کو اوورسیز پاکستانیوں کے لیے جاری فلاحی منصوبوں، سہولیات کی فراہمی اور مستقبل کے مجوزہ اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر قومی معیشت کے لیے نہایت اہم ہیں۔

انہوں نے او پی ایف کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کو ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خدمات کو مزید مؤثر بنانے اور سہولیات میں اضافے کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا جائے، جبکہ جاری منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار بھی تیز کی جائے۔

ملاقات کے دوران او پی ایف حکام نے عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔