نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس پر اضافی ٹول چارجز اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج

این ایچ اے کے 30 مئی 2025 کے نوٹیفکیشن کے تحت اضافی ٹول چارجز عائد کیے گئے، جو درخواست گزار کے مطابق قانونی اختیار سے مطابقت نہیں رکھتے۔

July 1, 2026 · قومی

اسلام آباد: نان ایم ٹیگ گاڑیوں اور کم بیلنس والے ایم ٹیگ صارفین پر عائد کیے گئے 50 فیصد اضافی ٹول چارجز کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

درخواست میں وزارتِ مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ این ایچ اے کے 30 مئی 2025 کے نوٹیفکیشن کے تحت اضافی ٹول چارجز عائد کیے گئے، جو درخواست گزار کے مطابق قانونی اختیار سے مطابقت نہیں رکھتے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ این ایچ اے ایکٹ کے تحت ٹول ٹیکس وصول کرنے کی اجازت موجود ہے، تاہم نان ایم ٹیگ یا کم بیلنس رکھنے والے صارفین پر اضافی جرمانہ عائد کرنے کی واضح قانونی گنجائش موجود نہیں۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ یہ اقدام آئین کی مختلف شقوں سے متصادم ہے، لہٰذا عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ اگر اضافی رقم وصول کی گئی ہے تو اسے متعلقہ صارفین کو واپس کرنے کا حکم دیا جائے، جبکہ ایم ٹیگ بیلنس، ری چارج اور استعمال کے طریقہ کار کی مکمل تفصیلات بھی این ایچ اے سے طلب کی جائیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت کے بعد عدالت آئندہ کارروائی کا فیصلہ کرے گی۔