اسلام آباد: بارش کے دوران محفوظ سفر، اہم ٹریفک ایڈوائزری جاری

گاڑی اور موٹرسائیکل سوار رفتار دھیمی رکھیں اور اگلی گاڑیوں سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں ،اسلام آباد ٹریفک پولیس

July 1, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں حالیہ بارش کے پیشِ نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں شہریوں کو دورانِ ڈرائیونگ انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق بارش کے دوران سڑکوں پر پھسلن کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس حوالے سے شہریوں کے لیے درج ذیل احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

رفتار پر کنٹرول اور فاصلہ: گاڑی اور موٹرسائیکل سوار رفتار دھیمی رکھیں اور اگلی گاڑیوں سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ ہنگامی بریک کی صورت میں محفوظ رہا جا سکے۔

لائٹس اور لین کی پابندی: بارش کے دوران حدِ نگاہ متاثر ہونے کے باعث فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں اور ہمیشہ اپنی ہی لین میں سفر کریں۔

سفری ضوابط پر عملدرآمد: دورانِ ڈرائیونگ سائیڈ شیشوں (مررز) اور انڈیکیٹرز کا درست استعمال کریں، جبکہ کار سواروں کے لیے سیٹ بیلٹ کا استعمال لازمی ہے۔

موٹرسائیکل سواروں کے لیے ہدایات: موٹرسائیکل سواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سڑک کی انتہائی بائیں لین میں چلیں اور ہیلمٹ کا استعمال ہر صورت یقینی بنائیں۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور سڑکوں پر کسی بھی ممکنہ تعطل سے بچنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار فیلڈ میں موجود ہیں اور ٹریفک کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ شہری لمحہ بہ لمحہ ٹریفک اپ ڈیٹس حاصل کرنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کا آفیشل واٹس ایپ چینل فالو کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 (ITP FM 92.4) سے بھی سفری رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔