اسلام آباد: ترلائی کلاں میں طویل بجلی بندش کے خلاف شدید احتجاج،لہتراڑ روڈ بلاک
ترلائی کلاں میں گزشتہ روز سے بجلی غائب؛ پرچہ چوک پر مظاہرہ، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں گزشتہ روز سے بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کی بڑی تعداد نے پرچہ چوک کے مقام پر لہتراڑ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
احتجاج میں مردوں، نوجوانوں اور دیگر علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بجلی کی طویل بندش پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام اور واپڈا کے خلاف نعرے بازی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، جس کی وجہ سے گھریلو معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے کے باعث بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کرائی گئیں، تاہم تاحال بجلی کی بحالی کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بجلی بحال کی جائے اور مسئلے کی مستقل بنیادوں پر اصلاح کی جائے، تاکہ آئندہ شہریوں کو ایسی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔سڑک کی بندش کے باعث لہتراڑ روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کئی مسافروں کو متبادل راستے اختیار کرنا پڑے جبکہ روزمرہ سفر کرنے والے افراد کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔