راولپنڈی:قیدی وین سے فرار ایک اور حوالاتی گرفتار
گرفتار کیے گئے ملزم کی شناخت وہاب کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک سنگین مقدمے میں زیرِ حراست تھا
راولپنڈی:قیدی وین سے فرار ایک اور حوالاتی گرفتار
راولپنڈی: راولپنڈی میں قیدی وین سے فرار ہونے والے حوالاتیوں کی تلاش کے لیے جاری پولیس کارروائی میں ایک اور اہم کامیابی سامنے آئی ہے۔ پولیس نے فرار ہونے والے ایک مزید حوالاتی کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزم کی شناخت وہاب کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک سنگین مقدمے میں زیرِ حراست تھا اور قیدی وین سے فرار ہونے والے ملزمان میں شامل تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نئی گرفتاری کے بعد دوبارہ گرفتار کیے جانے والے فرار حوالاتیوں کی تعداد بڑھ کر 8 ہو گئی ہے، جبکہ باقی ماندہ مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس کے مطابق خصوصی ٹیمیں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں اور مفرور ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز تحصیل کچہری کہوٹہ سے پیشی کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے کے دوران 14 قیدی مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچوں کا سفوف پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس نے چار قیدیوں کو موقع پر ہی دوبارہ گرفتار کر لیا تھا، جبکہ دیگر کی تلاش کا عمل تاحال جاری ہے۔