چکوال سی سی ڈی کے 3 اہلکار بھتہ خوری کے الزام میں برطرف
برطرف کیے جانے والے اہلکاروں میں اے ایس آئی مسعود احمد، ہیڈ کانسٹیبل محسن شاہ اور کانسٹیبل احسن جاوید شامل ہیں
چکوال میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے تین اہلکاروں کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور بھتہ خوری کے سنگین الزامات ثابت ہونے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
برطرف کیے جانے والے اہلکاروں میں اے ایس آئی مسعود احمد، ہیڈ کانسٹیبل محسن شاہ اور کانسٹیبل احسن جاوید شامل ہیں۔ سی سی ڈی کے سینئر حکام نے ان کی برطرفی کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ایک شہری ناصر محمود کی شکایت پر شروع کی گئی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب کلر کہار کے قریب ایک گاڑی کو روکا گیا جس میں سگریٹ کی کھیپ موجود تھی۔
شکایت کے مطابق اہلکاروں نے مبینہ طور پر موقع پر موجود افراد سے رابطہ کر کے بڑی رقم کا مطالبہ کیا اور بعد ازاں 14 لاکھ روپے کی وصولی پر معاملہ طے پایا۔
شکایت کنندہ کے مطابق رقم کی ادائیگی کے بعد متاثرہ افراد اور گاڑی کو چھوڑ دیا گیا۔
معاملے کی ابتدائی انکوائری ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی جانب سے کی گئی جس کے بعد مزید تحقیقات کے لیے معاملہ سینئر افسران کے سپرد کیا گیا۔ بعد ازاں ریجنل آفیسر راولپنڈی کی نگرانی میں ایس پی افضل شاہ نے انکوائری مکمل کی۔
انکوائری رپورٹ میں تینوں اہلکاروں پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور محکمانہ ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کے الزامات ثابت ہوئے، جس کے بعد انہیں ملازمت سے برطرف کرنے کی سفارش کی گئی۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر مقدمہ درج کرنے کی بھی سفارش کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں محکمانہ کارروائی کو ترجیح دیتے ہوئے سی سی ڈی نے خود کارروائی مکمل کی۔
مزید ذرائع کے مطابق معاملے کی دیگر قانونی پہلوؤں پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جبکہ ادارے کی جانب سے اندرونی احتساب کے عمل کو مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔