دریائے کنہارمیں بہنے والا ویگوڈالا نکال لیا گیا،چاروں ٹک ٹاکرز گرفتار

گاڑی پانی کے تیز بہاؤ میں بہتے ہوئے متعدد بڑے پتھروں سے ٹکراتی رہی، جس کے نتیجے میں اس کا ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوگیا۔

July 2, 2026 · قومی
دریائے کنہار میں بہنے والا ویگو ڈالا نکال لیا گیا، پتھروں نے حالت بری کردی

دریائے کنہار میں بہنے والا ویگو ڈالا نکال لیا گیا، پتھروں نے حالت بری کردی

دریائے کنہار میں ٹک ٹاک بنانے کے لیے گاڑی اتارنے والوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔گاڑی بھی دریا سے باہر نکال لی گئی ہے۔

سیاحتی مقام ناران میں سوشل میڈیا کی سستی شہرت کے چکر میں ایک بار پھر جان لیوا مہم جوئی نے چار ٹک ٹاکرز کو موت کے منہ سے بال بال بچایا۔ دریائے کنہار کے تیز بہاؤ میں ان کی ویگو (ڈالا) گاڑی بے قابو ہو کر بہنے لگی، تاہم زگ زیگ سکائی ہاکس ایڈونچر کلب کی رافٹنگ ٹیم نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام افراد کو محفوظ نکال لیا۔

پنجاب سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاکرز نے ویڈیو بنانے کے لیے اپنی ویگو گاڑی دریائے کنہار میں اتاری تھی۔ گاڑی دریا کے بیچ پہنچتے ہی تیز موجوں اور بہاؤ کا شکار ہو گئی اور چند لمحوں میں بے قابو ہو کر بہنے لگی۔

زگ زیگ سکائی ہاکس ایڈونچر کلب کی تربیت یافتہ رافٹنگ ٹیم نے فوری طور پر ریسکیو بوٹ کے ساتھ موقع پر پہنچ کر آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو ٹیم کے ارکان روزی خان، آفاق، اظہر خان، قیصر خان اور جواد خان نے عین آخری لمحات میں آخری شخص کو بھی گاڑی سے نکال کر بوٹ پر محفوظ کر لیا۔ اس کے فوراً بعد گاڑی مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئی۔

ریسکیو آپریشن کے بعد انتظامیہ نے گاڑی کو دریا سے باہر نکال لیا، جس کی حالت انتہائی خراب تھی۔ گاڑی پانی کے تیز بہاؤ میں متعدد بڑے پتھروں سے ٹکراتی رہی، جس سے اس کا ڈھانچہ شدید متاثر ہوا۔ ماہرین کے مطابق بھاری اخراجات کے بغیر گاڑی کو دوبارہ قابل استعمال بنانا تقریباً ناممکن ہے۔

پولیس نے چار ٹک ٹاکرز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور تین سال کے لیے ناران اور کاغان میں ان کے داخلے پر پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے۔