اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں جائیداد کی رجسٹریشن اور انتقال پر پابندی ختم
جائیداد کی رجسٹریشن اور انتقال کے معاملات مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت انجام دیے جائیں
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے علاقوں شاہ اللہ دتہ، سرائے خربوزہ اور سنگجانی میں زمینوں کی خرید و فروخت، رجسٹریشن اور انتقال پر عائد انتظامی پابندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔
عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ جائیداد کی رجسٹریشن اور انتقال کے معاملات مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت انجام دیے جائیں۔ فیصلے میں کہا گیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کی روک تھام کی آڑ میں شہریوں کے بنیادی جائیدادی حقوق محدود نہیں کیے جا سکتے۔
عدالت کے مطابق کسی انتظامی خط یا زبانی ہدایت کی بنیاد پر جائیدادوں کی خرید و فروخت پر عمومی پابندی عائد کرنا قانونی جواز نہیں رکھتا۔ فیصلے میں واضح کیا گیا کہ متعلقہ حکام عدالتی احکامات میں اپنی تشریح یا انتظامی ہدایات کے ذریعے ردوبدل نہیں کر سکتے۔
عدالت نے مزید کہا کہ آئین شہریوں کو جائیداد رکھنے، خریدنے اور فروخت کرنے کا بنیادی حق دیتا ہے، اس لیے ایسے اقدامات جو ان حقوق کو متاثر کریں، ان کے لیے واضح قانونی بنیاد ہونا ضروری ہے۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کے پاس مکمل اختیارات موجود ہیں، تاہم کارروائی قانون اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق کی جانی چاہیے تاکہ قانون پسند شہریوں کے حقوق متاثر نہ ہوں۔:::