ژوب میں مسافر بس کھائی میں گر گئی۔40 افراد جاں بحق

بلوچستان میں افسوسناک ٹریفک حادثہ، خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی

July 3, 2026 · قومی

بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے داناسر میں ایک مسافر بس کھائی میں گرنے سے کم از کم 40 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ راستے میں بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں بس گہری کھائی میں جا گری۔

جائے حادثے سے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔

ریسکیو اور پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرکے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق حادثے کی  تحقیقات جاری ہیں، زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے حادثے میں 40 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آٹھ مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات سے پتا چلا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں اس کے اپنے مسافروں کے علاوہ ایک خراب ہونے والی دوسری بس کے مسافر بھی سوار تھے۔

ان کے مطابق بظاہر بس میں معمول سے زیادہ افراد موجود تھے تاہم متعلقہ افسران حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔