پمز ہسپتال سے نومولود بچے کو فوری والدہ کے حوالے کرنے سے متعلق درخواست مسترد

پمز کے معالجین نے نومولود بچے کی والدہ کے مزید علاج کی سفارش کی ہے، وہ تاحال زیر علاج ہیں، اس لیے انہیں مزید طبی نگہداشت کی ضرورت ہے،پولیس رپورٹ

July 3, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے (پمز) ہسپتال سے نومولود بچے کو فوری طور پر والدہ کے حوالے کرنے سے متعلق درخواست مسترد کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد علی ورائچ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بچے کی نانی کی جانب سے دائر درخواست خارج کر دی۔

نجی ٹی وی کے مطابق پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پمز کے معالجین نے نومولود بچے کی والدہ کے مزید علاج کی سفارش کی ہے اور وہ تاحال زیر علاج ہیں، اس لیے انہیں مزید طبی نگہداشت کی ضرورت ہے۔

درخواست گزار خاتون نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پمز انتظامیہ نومولود نواسے کی حوالگی کے بدلے رقم کا مطالبہ کر رہی ہے، تاہم پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ بچے کی والدہ کی طبی حالت کے باعث ان کا علاج جاری رکھنا ضروری ہے، جس کی بنیاد پر عدالت نے فوری حوالگی کی درخواست مسترد کر دی۔