اڈیالہ جیل کا قیدی دورانِ علاج ڈی ایچ کیو ہسپتال میں انتقال کرگیا
متوفی قیدی کی شناخت توصیف کے نام سے ہوئی ،طبیعت اچانک خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر قید ایک قیدی دورانِ علاج ہسپتال میں انتقال کر گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق متوفی قیدی کی شناخت توصیف کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف تھانہ مندرہ میں منشیات کا مقدمہ درج تھا اور وہ اڈیالہ جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر قید تھا۔
ذرائع کے مطابق قیدی کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر اسے فوری طور پر اڈیالہ جیل سے ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکا۔
قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد متوفی کی میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی متعلقہ پولیس کی جانب سے جاری ہے۔