گوادر میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر خودکش حملہ۔3 اہلکار جاں بحق

جیونی کے قریب سیکورٹی فورسز کے کیمپ پر بارود سے بھری گاڑی اڑا دی گئی

July 4, 2026 · قومی
نوٹیفیکیشن کے مطابق کچھی، نوشکی، موسیٰ خیل، گوادر اور ژوب شامل  ہیں ، فائل فوٹو

نوٹیفیکیشن کے مطابق کچھی، نوشکی، موسیٰ خیل، گوادر اور ژوب شامل  ہیں ، فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع گوادر میں حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ایک کیمپ پر خودکش حملے میں کم از کم تین سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔

کوئٹہ میں ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حملہ جمعے کی شام تحصیل جیونی کے علاقے پانوان میں کیا گیا۔

سرکاری اہلکار کے مطابق اس علاقے میں سکیورٹی فورسز کا ایک کیمپ ہے جس پر شام سات بجے ایک بارود سے بھری گاڑی کو ٹکرایا گیا۔

ان کے مطابق دھماکے کی وجہ سے کیمپ کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا اور دھماکے کی وجہ سے کم از کم تین اہلکار جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور وہاں سے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کرنے کے علاوہ شواہد اکٹھے کیے گئے۔

اس واقعے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی ہے۔