پنجاب میں غیر رجسٹرڈ اسکولوں کے خلاف کریک ڈاؤن۔ 744 اداروں کونوٹس
تین روز میں رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت، خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کا انتباہ
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز نے پنجاب بھر میں غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں اور اکیڈمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں 744 تعلیمی اداروں کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق تمام غیر رجسٹرڈ اداروں کے مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین روز کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر کا کہنا ہے کہ حکومت غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ رجسٹریشن ہر نجی تعلیمی ادارے کے لیے لازمی ہے اور اس کے بغیر ادارہ چلانا قانوناً جرم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ غیر رجسٹرڈ اسکول یا اکیڈمی چلانے والوں پر تین لاکھ سے چالیس لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ رجسٹریشن نہ کرانے والے اداروں کے خلاف ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز سخت قانونی کارروائی کریں گی۔
رانا سکندر نے مزید اعلان کیا کہ اب تمام نجی اسکولوں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہوگا اور اس کے بغیر کسی تعلیمی ادارے کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ادارے فوری طور پر فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں، جبکہ ایجوکیشن اتھارٹیز اس کی لازمی جانچ بھی یقینی بنائیں۔