کراچی میں دورانِ ڈیوٹی ٹریفک پولیس اہلکار کی مبینہ خودکشی

ہیڈ کانسٹیبل نواز ندیم قریشی شدید زخمی حالت میں پائے گئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

July 4, 2026 · قومی

کراچی کے سول لائنز علاقے میں ایک افسوسناک واقعے میں ٹریفک پولیس کے اہلکار کی دورانِ ڈیوٹی گولی لگنے سے موت ہو گئی۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ ڈاکٹر ضیاء الدین احمد خان روڈ پر پیش آیا، جہاں تعینات ہیڈ کانسٹیبل نواز ندیم قریشی شدید زخمی حالت میں پائے گئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات میں واقعے کو مبینہ خودکشی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی حقائق جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

واقعے کے بعد لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ حکام شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی مکمل چھان بین کر رہے ہیں۔