جوڈیشل کمپلیکس میں خاتون وکیل پر حملہ،ویڈیو وائرل
مبینہ تشدد کے دوران خاتون وکیل کو زمین پر گرا دیا گیا، جس سے وہ زخمی ہو گئیں۔
پشاور کے جوڈیشل کمپلیکس میں خاتون وکیل پر مبینہ تشدد کا واقعہ پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ ایک دیوانی مقدمے کی سماعت کے بعد پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر مخالف فریق سے تعلق رکھنے والے شخص نے عدالت سے باہر نکلتے ہی خاتون وکیل مدیحہ پرویز پر حملہ کیا۔ مبینہ تشدد کے دوران خاتون وکیل کو زمین پر گرا دیا گیا، جس سے وہ زخمی ہو گئیں۔
خاتون وکیل کا مؤقف ہے کہ سماعت کے دوران نظرِ ثانی کی درخواست جمع کرانے پر ملزم نے عدالت میں بدتمیزی کی، جس پر جج نے اسے کمرۂ عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کی۔ ان کے مطابق بعد ازاں عدالت سے باہر نکلنے پر ملزم نے ان پر حملہ کر دیا۔
پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور متعلقہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔