ایل اے 23 میں پیپلز پارٹی نے مولانا سعید یوسف کی حمایت کا اعلان کر دیا

ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

July 4, 2026 · قومی

آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے سلسلے میں انتخابی اتحاد کی ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور، جمعیت علمائے اسلام (ف) آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف اور دیگر سیاسی رہنما شریک ہوئے۔

ملاقات میں ایل اے 23 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سردار محمد حسین نے پارٹی پالیسی کے مطابق انتخابی دوڑ سے دستبردار ہونے اور مولانا سعید یوسف کی حمایت کا اعلان کیا۔

مولانا سعید یوسف نے اس فیصلے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور سردار محمد حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو باہمی سیاسی تعاون کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔