ڈیرہ بگٹی میں رقم کے تنازع پر فائرنگ۔ 4 افراد جاں بحق

جھڑپ میں باپ بیٹا اور دو سگے بھائی جان سے گئے، ایک شخص زخمی

July 5, 2026 · قومی

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے زین کوہ درینجن میں رقم کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان مالی لین دین کے معاملے پر تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں ایک فریق کا باپ اور بیٹا جبکہ دوسرے فریق کے دو سگے بھائی شامل ہیں۔

واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔