اسلام آباد:لڑکی کو اغوا سے بچانے کی کوشش، پاک فضائیہ کا افسر فائرنگ سے جاں بحق
ملزم نے روکنے پر طیش میں آ کر افسر پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد ملزم گاڑی میں فرار ہو گیا۔
اسلام آباد میں لڑکی کو زبردستی گاڑی میں بٹھانے سے روکنے پر پاک فضائیہ کے افسر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا
اسلام آباد کے شاہین چوک کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعے میں مسلح ملزم نے فائرنگ کر کے پاک فضائیہ کے افسر کو قتل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایک نامعلوم شخص ایک نوجوان لڑکی کو زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے پاک فضائیہ کے افسر عاصم طارق نے مداخلت کرتے ہوئے ملزم کو روکنے کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے روکنے پر طیش میں آ کر افسر پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد ملزم گاڑی میں فرار ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک لڑکی کو تحویل میں لیا گیا ہے جس کی شناخت نمرہ کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
حکام نے واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات شروع کر دی ہیں اور تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔