آئین کی بالادستی کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے، بلاول بھٹو زرداری
5 جولائی 1977 پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب عوام کے مینڈیٹ، آئین اور پارلیمانی جمہوریت پر حملہ کیا گیا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977 پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب عوام کے مینڈیٹ، آئین اور پارلیمانی جمہوریت پر حملہ کیا گیا۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت کی آمریت نے یہ سمجھا تھا کہ وہ عوام کی آواز کو دبا دے گی، تاہم شہید بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور جمہوریت پسند کارکنوں کی قربانیوں نے یہ ثابت کیا کہ حق اور عوامی حاکمیت کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ 49 برس گزرنے کے باوجود پیپلز پارٹی کا عزم آج بھی وہی ہے کہ آئین کی بالادستی کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا، اور ووٹ کے تقدس، پارلیمانی جمہوریت اور عوام کے حقِ حکمرانی کا تحفظ کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیوں کا حقیقی خراج یہی ہے کہ آمریت اور نفرت کے ہر رجحان کو مسترد کرتے ہوئے ایک متحد، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر جاری رکھی جائے۔