گوجرانوالہ فیکٹری میں گیس سلنڈر دھماکا،ایک شخص جاں بحق، تین زخمی
زخمی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دو دیگر زخمیوں کو ان کے اہل خانہ نجی اسپتال لے گئے۔
گوجرانوالہ کے سیالکوٹ روڈ پر بیٹا فین والا گلی میں واقع ایک فیکٹری میں 30 کلوگرام گیس سلنڈر دھماکے سے زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں عمارت کی چھت منہدم ہو گئی۔
حادثے میں ایک شخص ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا، جبکہ تین افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے دو ایمبولینسز، دو فائر وہیکلز، ایک موٹر سائیکل ایمبولینس اور ایک ریسکیو وہیکل کو آپریشن میں شامل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ایک زخمی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دو دیگر زخمیوں کو ان کے اہل خانہ نجی اسپتال لے گئے۔
ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے، متاثرہ مقام کو محفوظ بنانے اور صورتحال کو مکمل طور پر قابو میں لانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔