ن لیگ آزاد کشمیر کو دھچکا، بلال بٹ نے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کر لی

بلال بٹ اس سے قبل یونین کونسل 90 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر وائس چیئرمین منتخب ہو چکے ہیں

July 5, 2026 · قومی

مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری بلال بٹ نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلال بٹ نے آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے 34 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے لیے درخواست دی تھی، تاہم ٹکٹ نہ ملنے کے بعد انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

بلال بٹ اس سے قبل یونین کونسل 90 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر وائس چیئرمین منتخب ہو چکے ہیں اور پارٹی کے تنظیمی معاملات میں بھی سرگرم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کشمیر انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے حالیہ اجلاس میں بلال بٹ نے شرکت نہیں کی۔ اجلاس کے دوران ان کی عدم موجودگی پر بعض شرکاء نے ان کے حامی رہنماؤں پر تنقید کی، جبکہ کچھ رہنماؤں نے بلال بٹ کے فیصلے کو ذاتی سیاسی مفاد سے جوڑا۔

تاہم بلال بٹ کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کی وجوہات یا آئندہ سیاسی حکمت عملی پر باضابطہ تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔