مردہ قرار دی گئی بچی زندہ نکلی! ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کی سنگین غفلت
ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا، لواحقین کا اغوا کا الزام، پولیس کی مداخلت پر بچی بازیاب
فائل فوٹو
ساہیوال: ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کی انتظامیہ نے نومولود کو مردہ قرار دے کر ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق بچی کے ماموں سے میت کی وصولی کے دستخط بھی کروا لیے لیکن میت حوالے نہیں کی اہلخانہ نے اسپتال انتظامیہ پر بچی اغوا کرنے کا الزام لگایا۔
پولیس کی مداخلت پر انتظامیہ نے زندہ بچی ورثا کے حوالے کر دی۔ اہلخانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سےذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچیوں کی والدہ کے نام ایک جیسے ہونے سے غلط فہمی پیدا ہوئی، والدہ کے ناموں کی مماثلت کے باعث ڈیتھ سرٹیفکیٹ غلط اہل خانہ کو جاری کر دیا گیا غلط فہمی کے بعد متاثرہ خاندان نے احتجاج کیا تو اطلاع پر پولیس اور میڈیا بھی اسپتال پہنچ گئے۔
انتظامیہ نے کہا کہ تحقیقات میں معلوم ہوا نومولود بچی زندہ ہے جب کہ وفات پانے والی دوسری بچی تھی، اسپتال انتظامیہ نے ریکارڈ کی دوبارہ جانچ کے بعد دونوں بچیوں کی درست شناخت کی، والدہ کے نام ایک جیسے ہونے کی وجہ سے غلط فہمی پیدا ہوئی۔