سوات میں ممتاز علی خان کے گھر پر مسلح حملہ۔ پولیس کا گرینڈ آپریشن جاری
آر پی او ملاکنڈ کی ملوث افراد کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی، پولیس کی بہادری کو سراہا گیا
ضلع سوات کے علاقے میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ممتاز علی خان کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے بھاری اسلحے سے حملہ کر دیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بھرپور جواب دیا۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی بر سوات پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں حملہ آور پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اور گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملے کے ذمہ دار عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق آپریشن کی براہِ راست نگرانی آر پی او ملاکنڈ، ڈی پی او سوات اور ڈی پی او بر سوات نے کی۔ بعد ازاں اعلیٰ پولیس حکام نے ممتاز علی خان سے ملاقات بھی کی اور انہیں واقعے کی مکمل تحقیقات اور ملوث افراد کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔
آر پی او ملاکنڈ نے کہا کہ حملے کے تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے اور اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے جوابی کارروائی میں بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سوات پولیس ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ایسے بزدلانہ حملوں اور شرپسند عناصر کے خلاف پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔