دو غیر ملکی خواتین کے اغوا اور مبینہ زیادتی کیس میں اہم پیش رفت، تین ملزمان کے ڈی این اے نمونے میچ

پولیس نے کرائم سین سے حاصل ہونے والے شواہد کے ساتھ آٹھ مشتبہ افراد کے ڈی این اے نمونے فرانزک لیبارٹری بھجوائے تھے۔

July 6, 2026 · قومی

لاہور: دو غیر ملکی خواتین کے اغوا اور مبینہ زیادتی کے مقدمے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک متاثرہ خاتون کے طبی معائنے میں جنسی زیادتی کی تصدیق ہونے کے بعد فرانزک تجزیے میں ایک ملزم کا ڈی این اے بھی میچ کر گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق نواز نامی ملزم پر متاثرہ خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کا الزام ہے اور وہ اس وقت پولیس کی تحویل میں ہے۔ ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر تین ملزمان کے ڈی این اے نمونے کرائم سین سے حاصل کیے گئے شواہد سے مطابقت رکھتے ہیں، جبکہ دیگر ملزمان کے فرانزک نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے کرائم سین سے حاصل ہونے والے شواہد کے ساتھ آٹھ مشتبہ افراد کے ڈی این اے نمونے فرانزک لیبارٹری بھجوائے تھے۔ ابتدائی رپورٹ میں تین ملزمان کے نمونے میچ ہونے کی اطلاع ملی ہے، جبکہ باقی نمونوں کی جانچ کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے مزید تین ملزمان، رضوان، نواز اور ناصر کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان سے استفسار کیا کہ آیا وہ کچھ کہنا چاہتے ہیں، جس پر ملزمان نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوئی بیان نہیں دینا چاہتے۔ عدالت کی جانب سے وکیل سے متعلق پوچھنے پر بھی ملزمان نے بتایا کہ ان کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔

سماعت کے موقع پر حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر میاں ساجد محمود عدالت میں پیش ہوئے۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد ایک اور ملزم، وحید عرف باس، زخمی ہونے کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہے، اس لیے اسے تاحال جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور باقی فرانزک رپورٹس موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔